ابوظبی میں مقیم فلپینی شہری نے بالآخر کروڑوں درہم کا انعام جیت لیا!
متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک فلپینی شہری رینالڈو ہربوسو نے ابوظبی کی مشہور بگ ٹکٹ قرعہ اندازی میں دو کروڑ درہم کا گرینڈ انعام جیت لیا۔
پیر کو ہونے والی سیریز 289 کی لائیو قرعہ اندازی میں دبئی میں مقیم فلپینی رینالڈو کا ٹکٹ نمبر 267822 خوش قسمت قرار پایا۔ انہوں نے یہ ٹکٹ 13 جولائی کو خریدا تھا۔
قرعہ اندازی کے دوران جب میزبانوں نے اسٹوڈیو سے رینالڈو کو فون کر کے خوشخبری سنائی تو وہ چند لمحوں کے لیے حیرت زدہ رہ گئے۔ انہوں نے بے یقینی کے عالم میں کہا میزبانوں نے پوچھا کہ کیا وہ واقعی انعام جیت گئے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے فوراً اپنے کسی قریبی شخص کو اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ آخرکار انہوں نے دو کروڑ درہم جیت لیے۔
رینالڈو نے بتایا کہ وہ گزشتہ 15 برس سے مسلسل بگ ٹکٹ خرید رہے تھے اور بالآخر ان کی ثابت قدمی کامیابی میں بدل گئی۔
تاہم، رینالڈو اس بڑے انعام کے واحد فاتح نہیں ہیں۔ ان کے مطابق وہ دو کروڑ درہم کی انعامی رقم اس ٹکٹ کو مشترکہ طور پر خریدنے والے 10 افراد کے گروپ کے ساتھ تقسیم کریں گے۔اس طرح رینالڈو کے حصے میں 20 لاکھ درہم آئیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت کے شہر دہلی سے تعلق رکھنے والی کنیکا اروڑا نے 2 کروڑ 50 لاکھ درہم کا بگ ٹکٹ جیتا تھا اور اسی نے اس ماہ کے خوش قسمت ٹکٹ کا انتخاب کیا۔