دوسرا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں پاکستان کیخلاف 344 رنز بنا کر آؤٹ
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پورٹ آف اسپین میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جسٹن گریوز نے 73 اور کپتان روسٹن چیز نے 70 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔ برینڈن کنگ 46، شے ہوپ 29 اور عامر جنگو 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے آف اسپنر ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ، محمد علی اور علی عثمان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم خود پر اعتماد رکھتی ہے اور مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کپتان روسٹن چیز نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہوم گراؤنڈ کو اپنی ٹیم کا مضبوط قلعہ بنایا جائے اسی لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 1-0 کی برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لیے اس میچ میں کامیابی درکار ہے۔