’مسلمان ہونے پر فخر ہے، روزانہ پانچ وقت کی نماز پابندی سے پڑھتی ہوں‘، راکھی ساونت کا دعویٰ

انہوں نے مئی 2022 میں سابق شوہر عادل خان درانی سے نکاح کے وقت اسلام قبول کیا

بھارتی اداکارہ اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار راکھی ساونت نے اپنے مذہبی عقائد پر سوال اٹھانے والوں کو سخت جواب دے دیا۔

راکھی ساونت نے بی بی سی کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں اپنی مذہبی اور روحانی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پانچ وقت کی نماز ادا کرتی ہیں، قرآن پڑھتی ہیں اور اب تک 8 مرتبہ عمرہ کر چکی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے مئی 2022 میں سابق شوہر عادل خان درانی سے نکاح کے وقت اسلام قبول کیا تھا، جبکہ جنوری 2023 میں انہوں نے اپنے مذہب تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا نام فاطمہ رکھنے کی بھی بات کی تھی۔

راکھی نے بتایا کہ اگرچہ ان کی عادل خان درانی کے ساتھ شادی صرف 6 ماہ تک قائم رہی، تاہم ان کا ایمان برقرار ہے۔ وہ فجر، ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نماز کے علاوہ تہجد بھی ادا کرتی ہیں اور قرآن مجید کی تلاوت بھی کرتی ہیں۔

راکھی نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ایمان انسان اور خدا کے درمیان ذاتی تعلق ہے، میرا پیشہ اس تعلق کا تعین نہیں کرتا، میں بولی وڈ میں روزگار اور اپنے قرضے ادا کرنے کے لیے کام کرتی ہوں، تاہم کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ فیصلہ کرے کہ میں مسلمان ہوں یا نہیں۔‘‘

راکھی کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

Load Next Story