سابقہ اہلیہ سے متعلق انتہائی غیر اخلاقی حرکت کرنے والے ملزم کی ضمانت مسترد

خاتون کی شائستگی ہی اس کا پردہ ہوتی ہے، ملزم نے مقدس رشتے کو پامال کیا، عدالت کے ریمارکس

اسلام آباد:

اپنی سابقہ اہلیہ سے متعلق انتہائی غیر اخلاقی حرکت کرنے والے شخص کی ضمانت عدالت نے مسترد کردی۔

سپریم کورٹ نے سابقہ اہلیہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم صفدر عرفان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران سخت ریمارکس دیتے ہوئے قرار دیا کہ ایسے ملزم کو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

دوران سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ کیا اس مقدمے کی ایف آئی آر کو لوگوں میں پڑھنے کی ہمت ہے۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ ملزم نے اپنی ہی اہلیہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔ جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ ملزم نے انتہائی غیر اخلاقی کام کیا اور بیوی کے طلاق لینے پر یہ سب کچھ کیا۔

ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ خاتون اس وقت دبئی میں مقیم ہیں اور ملزم گزشتہ 6 ماہ سے جیل میں ہے۔

اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ ملزم نے خاتون کو ملک میں رہنے کے قابل چھوڑا ہی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ ملزم کو تو ساری زندگی اندر رہنا چاہیے، اس نے کون سا اچھا کام کیا ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ خاتون کی شائستگی ہی اس کا پردہ ہوتی ہے ۔ ملزم نے مقدس رشتے کو پامال کیا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ ایسے ملزم کو ضمانت نہیں دی جا سکتی ۔ عدالت نے ملزم صفدر عرفان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ بعد ازاں ملزم کے وکیل نے استدعا مسترد ہونے کے بعد کیس واپس لے لیا۔

Load Next Story