امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اہم اجلاس کی صدارت کی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اہم اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں یومِ پولیس شہداء کے موقع پر ملک بھر کے پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں، ان کا احسان تاقیامت بھی نہیں اتارا جا سکتا، جبکہ ہم سب پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

اجلاس میں ملک بھر کے لیے یکساں پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے نظام کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اب نیشنل پولیس بیورو سے پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے گا، جبکہ اس کے پیچیدہ عمل کو تیز اور مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے۔

ان کے مطابق شہری گھر بیٹھے نیشنل پولیس بیورو کے پورٹل کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں گے۔

محسن نقوی نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے بھی یکساں نظام وضع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے یکساں نظام سے بیرونِ ملک جانے والے شہریوں کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو فعال اور متحرک ادارہ بنانا ہماری ترجیح ہے۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس بیورو کی عمارت کی تزئین و آرائش کا معائنہ بھی کیا، جبکہ ڈی جی نیشنل پولیس بیورو نے انہیں ادارے کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

Load Next Story