ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوٴں، آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر شدید موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، قصور، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، گجرات، پشاور اور نوشہرہ سمیت کئی شہروں کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے جبکہ کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نوکنڈی اور سبی میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔