آزاد کشمیر انتخابات میں کم ٹرن آؤٹ سے ہمارا بائیکاٹ کا فیصلہ درست ثابت ہوا، پی ٹی آئی
فوٹو: فائل
تحریک انصاف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں کم ٹرن آؤٹ سے ہمارا بائیکاٹ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور عوام نے انتخابی عمل کو مسترد کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا، عوامی مارچ پر فائرنگ، لاٹھی چارج اور شیلنگ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کم ٹرن آؤٹ نے انتخابی عمل کو مسترد کر دیا، انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ درست ثابت ہوا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو کشمیری عوام نے مسترد کر دیا، کشمیر کے مسئلے کو سیاسی نعروں کی نذر کرنا ناقابل قبول ہے۔
اجلاس میں 5 اگست کو پشاور جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بانی چئیرمین کو بنیادی، آئینی اور انسانی حقوق سے محروم رکھنے کی مذمت کرتے ہیں، بانی چئیرمین کو اہل خانہ، وکلا اور پارٹی قیادت سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی چئیرمین کے طبی معائنے اور علاج میں رکاوٹیں ختم کی جائیں، تمام سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے، سیاسی انتقام کی کارروائیاں فوری بند کی جائیں۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران پارٹی میں اتحاد، نظم و ضبط اور یکجہتی برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی، بانی چئیرمین کی رہائی اور آئین کی بالادستی پارٹی کا اولین ایجنڈا قرار پایا، مرکزی، صوبائی اور ضلعی تنظیموں کو تنظیمی ہم آہنگی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی اور طے کیا گیا کہ جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی کی جدوجہد جاری رہے گی۔