نمرہ خان کا اپنی طلاق کی افواہوں پر ردعمل آگیا، حقیقت کیا ہے؟

نمرہ خان کی انسٹاگرام پروفائل سے شادی سے متعلق تصاویر غائب ہونے پر سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی طلاق کی افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ازدواجی زندگی خوشگوار ہے اور خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

اداکارہ نے جون 2026 میں پیرس میں ہونے والی اپنی شادی کا اعلان کیا تھا اور نکاح کی خوبصورت تصاویر و ویڈیوز بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں، جنہیں سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ملی تھی۔

حالیہ دنوں نمرہ خان کی انسٹاگرام پروفائل سے شادی سے متعلق تصاویر غائب ہونے پر سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔ ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب اداکارہ نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں جذباتی وائس اوور کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا تھا کہ مشکل حالات میں انسان کو خود ہی اپنی طاقت بننا چاہیے کیونکہ آخرکار وہی اس کا سب سے بڑا سہارا ہوتا ہے۔

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے تمام افواہوں کو مسترد کر دیا۔ نمرہ خان نے بتایا کہ ان کی ازدواجی زندگی میں کوئی مسئلہ نہیں، سب کچھ معمول کے مطابق ہے اور شادی کی تصاویر حذف نہیں کی گئیں بلکہ صرف نظرِ بد سے بچانے کے لیے انسٹاگرام پر آرکائیو کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مداح کی نیک خواہشات اور دعا پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اداکارہ کی وضاحت کے بعد ان کی طلاق سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں دم توڑ گئی ہیں، جبکہ مداح بھی ان کے جواب کے بعد مطمئن نظر آئے۔

Load Next Story