سندھ؛ پیپلز کمیونٹی ہیلتھ سروسز کمپنی کیلیے 2 ارب 72 کروڑ سے زائد کی گرانٹ منظور
فوٹو: ایکسپریس
سندھ حکومت نے پیپلز کمیونٹی ہیلتھ سروسز کمپنی کے لیے 2 ارب 72 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ منظور کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں عوامی فلاح، صحت، انصاف اور محنت کشوں کے حقوق کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ سید مراد علی شاہ زیرِ صدارت سندھ کابینہ نے پیپلز کمیونٹی ہیلتھ سروسز کمپنی کے مالی سال 27-2026ء کے بجٹ کی منظوری دیدی۔
سندھ کابینہ نے پیپلز کمیونٹی ہیلتھ سروسز کمپنی کے لیے 20 کروڑ روپے بطور ابتدائی سرمایہ فراہم کرنے کی منظوری دے دی جب کہ پیپلز کمیونٹی ہیلتھ سروسز کمپنی کے لیے 2 ارب 72 کروڑ 30 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز کمیونٹی ہیلتھ سروسز کمپنی کا مقصد کمیونٹی کی سطح پر بنیادی صحت کی سہولیات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ سندھ حکومت صحت کی سہولیات سے محروم آبادی تک بنیادی طبی خدمات کی رسائی کو وسعت دے گی۔
سندھ کابینہ نے سحر افتخار خان کو پیپلز کمیونٹی ہیلتھ سروسز کمپنی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کرنے کی بھی منظوری دی جب کہ پیپلز کمیونٹی ہیلتھ سروسز کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں آئندہ تبدیلیوں کی منظوری کا اختیار وزیراعلیٰ سندھ کو دے دیا گیا۔
علاوہ ازیں سندھ کابینہ نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997ء میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی۔ اسی طرح انسدادِ دہشت گردی (ترمیمی) ایکٹ 2025ء میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق انسدادِ دہشت گردی قوانین میں ترامیم صوبائی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔ مجوزہ ترامیم کا مقصد انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کے انتظامی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت دہشت گردی سے متعلق مقدمات کے جلد فیصلوں کے لیے قانونی نظام مزید مضبوط بنا رہی ہے۔