روزانہ ایک سیب کھانے کی عادت صحت کے لیے کیوں مفید ہے؟ ماہرین نے اہم فوائد بتا دیے

روزانہ ایک سیب کھانے کی عادت طویل اور صحت مند زندگی سے بھی منسلک ہوسکتی ہے

یہ کہاوت تو تقریباً ہر کسی نے سنی ہوگی ’روزانہ ایک سیب کھائیں، ڈاکٹر سے دور رہیں‘، لیکن جدید طبی تحقیق بھی اس مقولے کی کئی حد تک تائید کرتی ہے۔ ماہرین غذائیت کے مطابق سیب نہ صرف غذائیت سے بھرپور پھل ہے بلکہ روزمرہ خوراک میں اس کی شمولیت جسم کو متعدد بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک درمیانے سائز کے سیب میں تقریباً 60 کیلوریز ہوتی ہیں، مگر اس کے باوجود یہ وٹامنز، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے۔ سیب کو اس کی قدرتی شکل میں کھانا زیادہ فائدہ مند سمجھا جاتا ہے، کیونکہ جوس، سائڈر یا سیب سے تیار کی جانے والی دیگر مصنوعات کے دوران غذائی اجزا کی ایک بڑی مقدار ضائع ہو جاتی ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق سیب میں تقریباً 85 فیصد پانی موجود ہوتا ہے، جبکہ یہ فائبر اور طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس کا بھی بہترین ذریعہ ہے، جو مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق سیب کا باقاعدہ استعمال خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں موجود فائبر اور نسبتاً کم گلوکوز جسم میں شوگر کے اچانک اضافے کو روکنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں، جس سے ذیابیطس کے شکار افراد کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ سیب میں موجود فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ چونکہ کولیسٹرول شریانوں میں رکاوٹ پیدا کرکے دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھاتا ہے، اس لیے سیب دل کی صحت کے لیے بھی مفید پھل قرار دیا جاتا ہے۔

بلند فشارِ خون کے شکار افراد کے لیے بھی سیب فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے دل کے دورے اور فالج جیسے سنگین مسائل کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔

سیب میں موجود کورسیٹن نامی اینٹی آکسیڈنٹ اور فائبر جسم میں سوزش کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق اس کے استعمال سے خون میں سوزش کی علامت سمجھے جانے والے سی-ری ایکٹو پروٹین (CRP) کی سطح میں بھی کمی آ سکتی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سیب آنتوں کی صحت بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس میں موجود پیکٹن ایک قدرتی پری بائیوٹک کے طور پر کام کرتا ہے، جو مفید جراثیم کی افزائش میں مدد دیتا ہے، جبکہ کورسیٹن نقصان دہ بیکٹیریا کی نشوونما کو محدود رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

سیب میں پانی اور فائبر کی زیادہ مقدار دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس پیدا کرتی ہے، جس سے بار بار بھوک لگنے کی شکایت کم ہو سکتی ہے اور وزن کو متوازن رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

مزید یہ کہ ایک تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ روزانہ ایک سیب کھانے کی عادت طویل اور صحت مند زندگی سے بھی منسلک ہو سکتی ہے۔ محققین کے مطابق ایسے افراد میں، جو مستقل بنیادوں پر سیب کھاتے رہے، 15 سال بعد اموات کے خطرے میں تقریباً 35 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔ تاہم ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ صرف ایک پھل پر انحصار کرنے کے بجائے متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا ہی اچھی صحت کی اصل ضمانت ہے۔

Load Next Story