مفتی تقی عثمانی کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم
کراچی: مفتی اعظم پاکستان اور معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے اس معاہدے کو پوری مسلم دنیا کے لیے خوشی اور اطمینان کا باعث قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان یہ تاریخی معاہدہ باہمی دفاع، تعاون اور یکجہتی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے خصوصی طور پر اس امر کو باعثِ سعادت قرار دیا کہ یہ معاہدہ بیت اللہ کے قرب میں مکہ مکرمہ میں طے پایا۔
پاکستان سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مکہ مکرمہ میں ھونے والا دفاعی معاہدہ پوری مسلم دنیا کے لئے نہایت خوشی کی خبر ھے تینوں حکومتیں اس تاریخ ساز معاھدے پر جو بیت اللہ کے بالکل قریب ھوا مبارکباد کی مستحق ہیں اللہ تعالی اسکو امت مسلمہ کے اتحاد کا ذریعہ بنائیں آمین
— Muhammad Taqi Usmani (Official) (@muftitaqiusmani) August 7, 2026
مفتی تقی عثمانی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی حکومتوں کو اس اہم پیش رفت پر مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس معاہدے کو مسلم امہ کے اتحاد، باہمی اعتماد اور مشترکہ سلامتی کے استحکام کا ذریعہ بنائے۔