پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ کا دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ ہے، مریم نواز

پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کا علم بردار رہے گا، وزیراعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک August 07, 2026
فوٹو فائل

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے مذکورہ دفاعی معاہدے کو امت مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ قرار دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، صدر رجب طیب اردوان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مسلم دنیا کے اتحاد کی کاوشوں کو سلام کرتے ہیں، آج مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے دنیا کو ایک پیغام ملا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی چھاؤں تلے تین بڑی معاشی، عسکری و سیاسی طاقتوں کا یکجا ہونا پوری امت لیے خوش خبری ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے نئے باب کا آغاز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی و ترک قیادت کے ساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کا علم بردار رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ باہمی دفاعی معاہدے سے نہ صرف ہماری سرحدیں محفوظ ہوں گی بلکہ امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند ہوا ہے، کسی ایک ملک پر حملہ، سب پر حملہ تصور ہوگا مکہ دفاعی معاہدے نے اسلامی دنیا کے اتحاد پر مہر ثبت کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ایسے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو مسلم دنیا کے اتحاد، اجتماعی سلامتی اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنائیں۔