ارشد چائے والا نے پاسپورٹ تجدید کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا
ارشد چائے والا کے نام سے شہرت پانے والے معروف کاروباری شخصیت ارشد خان نے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
ارشد خان نے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ ایک معروف انٹرپرینیور ہیں اور عالمی سطح پر پاکستانی ثقافت کو فروغ دے چکے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نادرا کے ویری فکیشن بورڈ نے ان کا شناختی کارڈ کلیئر کر دیا تھا اور اس وقت بھی ان کا شناختی کارڈ فعال ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ارشد خان نے 23 اگست 2025 کو پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درخواست دی تھی، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود انہیں پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق انہوں نے متعدد بار سیکرٹری داخلہ کے دفتر سے رجوع کیا مگر کوئی مثبت جواب نہیں ملا، جبکہ لیگل نوٹس بھی بھیجا گیا جس کا بھی کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ارشد خان کو تجدید شدہ پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دے اور پاسپورٹ جاری نہ کرنے کے اقدام کو غیر قانونی اور بنیادی حقوق کے منافی قرار دیا جائے۔
اس کیس میں ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور وفاق کو بذریعہ سیکرٹری داخلہ فریق بنایا گیا ہے۔