برطانیہ میں کھیتوں کے نیچے رومن دور کا شاندار موزیک برآمد
برطانیہ میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے کھیتوں کے نیچے چھپا رومن دور کا ایک شاندار موزیک دریافت کر لیا ہے۔ ہزاروں رنگ برنگے پتھروں سے پھولوں کی شکل میں تیار کیا گیا یہ موزیک چوتھی صدی عیسوی کا ہے اور انگلینڈ کے علاقے ڈیون میں ایک قدیم رومن ولا کے کھنڈرات سے ملا ہے۔
یہ آثار اس دور سے تعلق رکھتے ہیں جب انگلینڈ رومی سلطنت کا حصہ تھا، جو تقریباً 43 سے 410 عیسوی تک قائم رہی۔
ماہرین نے مقام کے قریب ایک وسیع اور پیچیدہ غسل خانہ بھی دریافت کیا جس میں متعدد چھوٹے تالاب، رنگین پلاسٹر سے مزین دیواریں اور دیگر قدیم نوادرات شامل ہیں۔
یونیورسٹی آف ایکسیٹر اور کوٹس وولڈ آرکیالوجی کے ماہرین کی قیادت میں دو ماہ تک جاری رہنے والی کھدائی کے دوران یہ دریافتیں انگلینڈ کے دیہات ہیلبرٹن اور سیمپفورڈ پیورل کے درمیان واقع زرعی زمین سے سامنے آئیں۔ ماہرین کے ساتھ رضاکاروں نے بھی کھدائی میں حصہ لیا۔
پروجیکٹ کی سربراہ ڈاکٹر سوزن گرینی کے مطابق ماہرین پہلے ہی جانتے تھے کہ یہ رومن ولا اور اس کے اردگرد موجود کام کرنے کی جگہیں ڈیون میں رومی ثقافت کے پھیلاؤ اور مقامی معاشرے پر اس کے اثرات کو سمجھنے کے لیے اہم ہیں۔ تاہم، حالیہ دریافتوں نے اس مقام کی اہمیت اور وسعت کو مزید واضح کر دیا ہے۔