لاہور؛ پولیس حراست میں خواتین کی ہلاکت، انکوائری رپورٹ میں اہم انکشاف
ٹاؤن شپ پولیس کی حراست میں 2 خواتین کی ہلاکت کے معاملے پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 176 کے تحت جوڈیشل انکوائری مکمل کرلی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت نے انکوائری رپورٹ میں خواتین پر تشدد کے الزام کی تردید کی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے ازخود دونوں خواتین کی لاشوں کا معائنہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق دورانِ انکوائری خواتین پر تشدد کے کوئی شواہد نہیں ملے، جبکہ دونوں خواتین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔
انکوائری رپورٹ میں تھانہ ٹاؤن شپ کے ایس ایچ او کو دونوں خواتین کا پوسٹ مارٹم کروانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی حتمی وجوہات کا تعین کیا جا سکتا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت نے اپنی انکوائری رپورٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو جمع کرا دی ہے۔