نیشنل چیمپئنز کپ کی ٹرافی کی رونمائی، چاروں ٹیموں کے کپتان شریک

لیگ مرحلے کے اختتام پر سرفہرست دو ٹیمیں 18 اگست کو شیڈول فائنل میں مدمقابل ہوں گی

نیشنل چیمپئنز کپ کی افتتاحی ٹرافی کی رونمائی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کردی گئی جہاں چاروں شریک ٹیموں کے کپتانوں نے تقریب میں شرکت کی۔

ٹرافی کی رونمائی میں پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، پاکستان بلوز کے کپتان صاحبزادہ فرحان، پاکستان وائٹس کے کپتان صائم ایوب اور پاکستان گرینز کی نمائندگی کرنے والے فہیم اشرف شریک ہوئے۔ گرینز کے کپتان شاداب خان تقریب میں موجود نہیں تھے۔

نیشنل چیمپئنز کپ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی۔

لیگ مرحلے کے اختتام پر سرفہرست دو ٹیمیں 18 اگست کو شیڈول فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی 2027 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کرے گا، جس میں تجربہ کار قومی کھلاڑیوں کے ساتھ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو بھی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔

پی سی بی نے چاروں ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 44 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جبکہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا پول بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ ریزرو کھلاڑی صرف انجری یا سر پر چوٹ کی صورت میں ٹیم کے کسی کھلاڑی کی جگہ لے سکیں گے۔

چاروں ٹیموں کے کھلاڑی

پاکستان گرینز: شاداب خان، فہیم اشرف، فخر زمان، فرحان یوسف، مہران ممتاز، محمد حسنین، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، سعد بیگ اور سمیر منہاس۔

پاکستان وائٹس: صائم ایوب، عاکف جاوید، علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، محسن ریاض، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، شہزیب خان اور عثمان خان۔

پاکستان بلوز: صاحبزادہ فرحان، عبداللہ شفیق، احمد دانیال، عرفات منہاس، حسن علی، حسین طلعت، جہانداد خان، روحیل نذیر، شمیل حسین، سفیان مقیم اور تیمور خان۔

پاکستان گولڈ: شاہین شاہ آفریدی، عبدالصمد، عبدالسبحان، فیصل اکرم، حیدر علی، کامران غلام، معاذ صداقت، محمد نواز، محمد اخلاق، محمد عمران اور سعد خان۔

 

Load Next Story