وزیر خارجہ کی تجارتی جہاز پر حوثی حملوں کی شدید مذمت، پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس
وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تجارتی جہاز پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز پر حملے کے افسوسناک واقعے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ انہوں نے پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے جاں بحق پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر جنگی تجارتی جہاز پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ تجارتی جہازوں پر ایسے حملے بے گناہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ تجارتی جہاز پر حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور بحری جہاز رانی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
I have learnt with deep concern about the unfortunate incident involving an attack on a commercial vessel in the Red Sea. According to the information available so far, three Pakistani nationals have lost their lives and one has sustained injuries in the incident. We extend our…
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) August 12, 2026
اسحاق ڈار نے کہا کہ بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی اور بحری سلامتی کو اس طرح کے حملوں سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ واقعے کی مزید تفصیلات اور حالات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام اور یمن کی تسلیم شدہ حکومت سے رابطے میں ہیں۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو متعلقہ حکام سے فوری رابطہ اور ضروری اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ جاں بحق پاکستانی شہریوں کی میتوں کی واپسی اور وطن منتقلی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
اسحاق ڈار نے زخمی پاکستانی شہری کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحیرہ احمر میں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں گے۔