اسلام آباد: نجی سوسائٹی سے 200 غیر ملکیوں کی گرفتاری این سی سی آئی اے کیلئے درد سر بن گئی

ایجنسی کے پاس نہ تو اتنی بڑی تعداد میں ملزمان کو رکھنے کی جگہ موجود ہے اور نہ ہی مطلوبہ عملہ دستیاب ہے، ذرائع

اسلام آباد:

سیکڑوں غیرملکی باشندوں کی گرفتاری نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے لیے دردِ سر بن گئی۔

ذرائع کے مطابق 200 سے زائد غیرملکی شہریوں کو ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی عمارت سے گرفتار کیا گیا، تاہم این سی سی آئی اے کے پاس نہ تو اتنی بڑی تعداد میں ملزمان کو رکھنے کی جگہ موجود ہے اور نہ ہی مطلوبہ عملہ دستیاب ہے۔

حکام نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کرکے مذکورہ نجی عمارت کو عارضی طور پر سب جیل قرار دلوا دیا ہے، جہاں گرفتار افراد کو رکھا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق غیرملکی باشندے مذکورہ عمارت میں غیرقانونی کال سینٹرز چلا رہے تھے۔ گرفتار افراد میں چین، ویت نام، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے شہری شامل ہیں، جو وزٹ ویزے پر پاکستان آکر غیرقانونی کاروبار میں ملوث تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان غیرقانونی کال سینٹرز کا سراغ ایک شراب برآمدگی کیس کی تفتیش کے دوران ملا، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔

Load Next Story