حکومت سے مذاکرات ناکام، گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان
فوٹو: فائل
آل پاکستان گڈزٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مذکرات مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں جبکہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی چاہے 6 ماہ لگ جائیں۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری رہی اور صدرآل پاکستان گڈزٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر مواصلات کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرامن ہڑتال مطالبات کی منظوری تک غیرمعینہ مدت تک جاری رہےگی، ہماری ہڑتال پرامن ہے اور اپنے جائز مطالبات کےلیے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر یہ سمجھتی ہےکہ دسمبر کی طرح ہم ہڑتال ختم کردیں گے توایسا نہیں ہوگا، مطالبات کی مکمل منظوری تحریری طور پر ہوگی تو ہی ہڑتال ختم کرنےکا اعلان کیا جائےگا۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاق اور سندھ کی حکومتیں ہمارے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں، ہڑتال کی وجہ سےپانچ روزکے دوران اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے لیکن حکومت جائزمطالبات ماننے کےلیےسنجیدہ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری کےلیے اگر 6 ماہ بھی لگے تو ہڑتال جاری رکھیں گے اور جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوتے اور نوٹیفیکیشن نہیں ہوتا تب تک ملک گیر ہڑتال جاری رہےگی۔