برطانوی ہائی کمشنر کی وفاقی وزیر قانون کو پاکستانی طلبہ کے ویزہ مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

وزیر قانون اور برطانوی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط مضبوط بنانے اورمستحکم تعاون پر تبادلہ خیال کیا

فوٹو: فائل

برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی طلبہ کو ویزوں میں تاخیر کے حوالے سے درپیش مسائل حل کرائے جائیں گے۔

اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی، جہاں وفاقی وزیر نے پاکستانی طلبہ کے ویزوں کا معاملہ اٹھا دیا، اس کے علاوہ پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے برطانوی ہائی کمشنر سے پاکستانی طلبہ کے برطانیہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ اٹھایا اور طلبہ کے ویزوں میں تاخیر پر حکومتی تشویش سے آگاہ کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرون ملک زیرتعلیم پاکستانی طلبہ سے متعلق قانونی فریم ورک میں بہتری کے لیے وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی کام کر رہی ہے اور وزیر اعظم کی ہدایت پر کمیٹی نے اس معاملے پر اپنی سفارشات بھی مرتب کر لی ہیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کے بیرون ملک تعلیم کے لیے قانونی و ادارہ جاتی فریم ورک بہتر بنانے پر کام جاری ہے، سیکڑوں پاکستانی طلبہ ویزوں میں تاخیر کے باعث پریشانی کا شکار ہیں، ویزوں میں تاخیر سے طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے جین میریٹ سے کہا کہ پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع میں رکاوٹیں دور کرنا ضروری ہے۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستانی طلبہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرادی اور گفتگو کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک بھی ملاقات میں شریک تھے اور ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور تعاون مزید مستحکم بنانے پر بھی اظہار خیال کیا گیا۔

متعلقہ

Load Next Story