پاکستانی میڈیا برطانیہ میں کمیونٹی کی آواز بن گیا، ہائی کمشنر کا خراج تحسین

پاکستان ہائی کمیشن لندن پاکستانی میڈیا کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، ٹیپو عثمان


ویب ڈیسک August 11, 2026

لندن:

پاکستان کے برطانیہ میں ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے لندن میں کام کرنے والے پاکستانی میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان سے تعارفی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون، پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور میڈیا کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے معرکہ حق کے دوران برطانیہ میں پاکستانی میڈیا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے پاکستانی کمیونٹی کو اہم امور سے آگاہ رکھنے اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ہائی کمشنر نے پاکستانی میڈیا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہائی کمیشن لندن پاکستانی میڈیا کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ہائی کمیشن کے اقدامات اور سہولیات سے بروقت آگاہ رکھا جا سکے اور ان کی بہتر خدمت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر میڈیا نمائندگان نے ٹیپو عثمان کو ہائی کمشنر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران میڈیا نمائندگان اور ہائی کمشنر کے درمیان تعمیری اور باہمی تبادلہ خیال ہوا، جس میں برطانیہ بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی تک رسائی کو مزید مؤثر بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

 

پاکستان ہائی کمیشن لندن نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل اور ان کے ساتھ مضبوط رابطے کے لیے میڈیا کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔