وزیر داخلہ محسن نقوی سے ناروے کے وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد میں ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ائیڈے نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کی اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان انسداد دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، پولیس ٹریننگ اور میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر افغانستان کی صورتحال اور وہاں موجود کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر رکھی ہے، پاکستان کے موثر اقدامات سے یورپ میں غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مؤثر اقدامات کو یورپی یونین نے بھی سراہا ہے اور غیر قانونی امیگریشن کے سدباب کے لیے قانونی راستوں کو فروغ دینا نہایت ضروری ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور پاکستان دنیا اور دہشت گردی کے درمیان ایک مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتا ہے، لہٰذا عالمی برادری کو دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ائیڈے نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے تعمیری اور فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد افراد سیاست، صحت اور دیگر شعبوں میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ناروے کے وزیر خارجہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔