پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل کے تحفظ کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، پاکستان اپنے دفاع اور آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، آج پاکستان اقوام عالم میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پہچانا جاتا ہے۔
جشن آزادی پر ایکس پر پوسٹ کیے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیرون ملک مقیم تمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے یومِ آزادی کی خوشیاں مبارک! آج پاکستان کی آزادی کے79 سال مکمل ہونےکے پُرمسرت موقع پر تمام اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ امر ہمارے لیۓ باعثِ عزت و افتخار ہے کہ جدوجہد آزادی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال اور متعدد عظیم و بےمثل رہنماء شامل تھے آج ہم من حیث القوم تحریک آزادی کے قائدین، کارکنان اور اسلافِ ملت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت ہمارےآباؤ اجداد کی عظیم قربانیاں، تحریک آزادی کے رہنماؤں کا غیرمتزلزل عزم اور اللہ تعالیٰ کی بے پایہ فضل و کرم کی بدولت آزاد مملکت کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوا، تحریک آزادی کےتمام رہنماؤں کی ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد نے مسلمانان ہند کو آزاد وطن کےنصب العین پر متحد کیا، ہمارےآباؤ اجداد نےلازوال قربانیوں، صعوبتوں اور تکالیف کی داستان رقم کی اور جدوجہد آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوئی، 14 اگست 1947ء کو ہمیں ایسی سر زمین میسر ہوئی جہاں ہم آزاد قوم کی حیثیت سے عزت و وقار اور دین و تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی استوار کر سکیں سرزمینِ پاکستان اسلامی تعلیمات اور باباۓ قوم کے نظریات کے تابع تمام شہریوں کے لئے بلا تفریقِ رنگ و نسل مکمل آزادی کی ضمانت ہے۔ آئین و قوانینِ پاکستان تمام شہریوںکے حقوق کے ضامن ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا یہ سفر تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہے دفاع وطن، معیشت، صنعت و حرفت، عدلیہ، میڈیا، کھیل، تعلیم و ہنر، علماء، دانشور، اساتذہ، سائنسدان، زراعت و کاشتکاری اور بشمول عصر حاضر کے جدید شعبہ جات میں پاکستانی مرد و خواتین نے اپنی کاوشوں سے عزم وہمت کے باب رقم کئے، ہمارے باصلاحیت نوجوان، ہنر مند افرادی قوت، بہترین پیشہ ور ماہرین، جفا کش کسان اور محنت کش مزدور ملک و قوم کے تابندہ مستقبل کے ضامن ہیں، حکومت پاکستان نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں نہایت مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے اور اب ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب کامیابی سے گامزن ہے۔ گزشتہ دو برس کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو حکومتی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسلسل اعتماد کا مظہر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس، جدت سے آراستہ دیر پا صنعتی و زرعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے، روزگار کے مواقع، عالمی معیار کا تعلیم و ہنر کا نظام ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، ہماری بہادر افواج نے ہر مشکل میں، دشمن کے ہر وار کے جواب میں مادر وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا ہے، پاکستان اپنی جری افواج پر فخر کرتا ہے معرکۂ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع اور سربلندی کی نئی تاریخ رقم کی۔پاکستان اپنے دفاع اور آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، آج پاکستان اقوام عالم میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پہچانا جاتا ہے۔ خطےکی مشکل اور چیلنجنگ علاقائی صورتحال میں پاکستان ایک ذمہ دار اور خطےمیں استحکام کا ضامن ملک بن کر ابھرا ہے،جو امن، استحکام اور علاقائی تعاون کےفروغ میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کےمابین مکہ مکرمہ میں طے پانےوالا مشترکہ دفاعی معاہدہ خطےمیں پاکستان کے بڑھتے ہوئے تزویراتی کردار اور ابھرتی ہوئی قوت کا اہم مظہر ہے، پاکستان، مظلوم فلسطینی عوام اور جموں و کشمیر کے اپنے بہنوں اور بھائیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اور انکے لئے اپنی غیر متزلزل اصولی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی ضمانت جموں وکشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، عالمی قوانین اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق سفارتی حل میں پوشیدہ ہے، آج یوم آزادی پر پوری قوم بہادر افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دلیر جوانوں, غازیوں اور تمام شہداء کی مقروض ہے جنہوں نے قوم کے مستقبل کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئیے آج اپنے قومی عزم کی تجدید کریں کہ ہم یک جان ہو کر سرزمینِ پاکستان کی ترقی وخوشحالی ،امن و استحکام اور باہمی ہم آہنگی اور یگانگت کے لیے بھرپور انداز میں کام کریں گے۔ آج میں پوری قوم بشمول تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کو پُرخلوص پیشکش کرتا ہوں کہ آئیں متحد ہو کر ملکی سالمیت ،قومی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لئے تعمیری کام کریں، اللہ تعالیٰ پاکستان کو دنیا میں عزت و وقار کی علامت بنائے اور کامیابیوں سے نوازے، آمین!