یوم آزادی پر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شجرکاری مہم، ہزاروں پودے لگائے گئے
فوٹو: ایکسپریس نیوز
پاکستان کے 80 ویں یوم آزادی کے موقع پر محکمہ جنگلات پنجاب کے زیراہتمام صوبہ بھر میں شجرکاری اور پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں ہزاروں پودے لگائے گئے اور شہریوں میں مفت پودے بھی تقسیم کیے گئے، اسی طرح خیبرپختونخوا میں بھی شجرکاری کی گئی۔
محکمہ جنگلات پنجاب کے مطابق راجن پور، مظفرگڑھ، مری، رحیم یار خان، سیالکوٹ، لیہ اور کوٹ ادو سمیت مختلف اضلاع میں شجرکاری کی تقریبات ہوئیں اور فاریسٹ پروٹیکشن فورس نے فلیگ مارچ بھی کیا۔
تقریبات میں سیاسی رہنماؤں، ڈپٹی کمشنرز، ججوں، صحافیوں، وکلا، سول سوسائٹی اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی اور لاہور میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں شرکا نے قومی جوش و جذبے کا اظہار کیا۔
ڈی جی فاریسٹ اظفر ضیا نے 40 سے زائد انٹرنز میں اسناد تقسیم کیں، محکمہ جنگلات کی جانب سے آگاہی واک بھی منعقد کی گئی۔
تقریبات کے دوران شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا، پاکستان کی ترقی و خوش حالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
اس موقع پر شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور سبز پنجاب کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
خیبرپختونخوا میں شجرکاری مہم
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے نوشہرہ کے علاقے اسپین خاک میں شجرکاری مہم کی افتتاح کیا اور کہا کہ قوم کا پیسہ فضول کاموں میں ضائع نہیں کررہے ہیں اور قوم کے لیے 17 لاکھ پودے لگائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کو مزید 10 لاکھ پودے لگائیں گے، ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے قدرتی حادثات رونما ہورہے پیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 26،7 فیصد جنگلات ہیں جبکہ ہم اس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 30 فیصد تک لے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ گڑھی چندن میں جنگلات سے ایک کروڑ کی آمدن 7 کروڑ تک پہنچ گئی، جہاں جنگلات آباد ہورہے ہیں وہاں ٹورسٹ کیمپ لگائیں گے، سیاحتی مقامات پر سیاحتی کیمپ لگا رہے ہیں۔