کراچی میں 22 کروڑ روپے کی واردات میں ملوث ملزم جھنگ سے گرفتار
کراچی میں 22 کروڑ روپے کی واردات میں ملوث ملزم کو جھنگ سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق لاہور کے تھانہ گلشن اقبال پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی چوریوں میں ملوث اشتہاری ملزم مہتاب اور اس کے رشتہ دار عبدالرحمان کو جھنگ سے گرفتار کرلیا، ملزم مہتاب کے خلاف چوری اور نقب زنی کے 18 مقدمات درج ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم مہتاب اپریل 2026 میں کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والی 22 کروڑ روپے کی بڑی چوری میں بھی ملوث رہا ہے۔ گرفتار ملزمان جھنگ، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں گھروں میں چوری کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم عبدالرحمان کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج چوری کے مقدمے کا مسروقہ سامان بھی ملزمان سے برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی نشاندہی پر مختلف وارداتوں سے متعلق اہم شواہد اور مزید مسروقہ سامان برآمد کیا گیا، جن میں چوری شدہ لیپ ٹاپ، اصل دستاویزات اور لیپ ٹاپ بیگ شامل ہیں۔ ملزم مہتاب سے جھنگ میں واردات کے دوران چوری کیا گیا ٹیبلٹ اور موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم مہتاب نے جھنگ موٹروے بائی پاس کے قریب ایک گھر میں بھی چوری کی واردات کی۔ گرفتار ملزمان آپس میں رشتہ دار اور ضلع جھنگ کے رہائشی ہیں جبکہ وہ پاک لائن سٹی، کوٹ عبدالمالک میں رہائش پذیر تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید وارداتوں اور ان کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔