کراچی؛ سرکاری دفتر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، محکمہ تعلیم کا ملازم جاں بحق

حال ہی میں مقتول کی اپنی اہلیہ سے علیحدگی ہوئی تھی، پولیس حکام

کراچی:

کورنگی نمبر 5 میں ڈی ایم سی کالج آف ایجوکیشن کے دفتر میں فائرنگ کے نتیجے میں 55 سالہ امتیاز حسین جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق 2 نامعلوم ملزمان سرکاری دفتر میں داخل ہوئے اور امتیاز حسین کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 50 سالہ عقیل نامی شخص بھی زخمی ہوا، جبکہ جاں بحق اور زخمی شخص کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول امتیاز حسین لانڈھی ٹاؤن کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سپروائزر اور سرکاری محکمے میں کلرک تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حال ہی میں مقتول کی اپنی اہلیہ سے علیحدگی ہوئی تھی جبکہ اس کی اہلیہ نے دوسری جگہ شادی بھی کرلی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول کا تعلق ایم کیو ایم حقیقی سے بھی سامنے آیا ہے۔

پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

Load Next Story