چینی کمپنی کی سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروسز 1122 کو جدید فائر فائٹنگ نظام متعارف کرانے کی پیشکش
چینی کمپنی کے وفد نے سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروسز 1122 کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیانچند ایسرانی نے وفد کا استقبال کیا۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی کی زیر صدارت چینی کمپنی کے وفد سے اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سندھ میں سرمایہ کاری اور پاک چین تعاون کے تحت ریسکیو اور فائر فائٹنگ سروسز کو جدید بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی کمپنی نے سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروسز 1122 کو جدید فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی ریسکیو نظام متعارف کرانے کی پیشکش کی۔
چینی وفد کے مطابق جدید فائر فائٹنگ نظام میں انسانی مداخلت کم ہے، یہ تنگ سڑکوں میں بھی خودکار طور پر آگ بجھانے اور انخلا کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چینی وفد نے آلات کی فراہمی کے ساتھ تین سالہ مینٹیننس سروس، ہر تین ماہ بعد تکنیکی معائنہ اور تاحیات وارنٹی کی پیشکش بھی کی۔
گیانچند ایسرانی کے مطابق چینی کمپنی نے ریسکیو 1122 کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صوبے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام کا جائزہ لیا۔ ڈی جی ریسکیو 1122 نے بریفنگ میں بتایا کہ ریسکیو 1122 کو روزانہ 26 سے 30 ہزار ایمرجنسی کالز موصول ہوتی ہیں اور 900 سے زائد طبی ہنگامی ریلیف فراہم کرتے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایمبولینس 8 سے 10 منٹ جبکہ موٹر بائیک ریسپانس ٹیم 4 سے 5 منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وفد نے مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیانچند ایسرانی اور ڈی جی ریسکیو 1122 کو چین میں جدید فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی ریسکیو نظام کا مشاہدہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
گیانچند ایسرانی نے کہا ریسکیو 1122 کو جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس کرکے شہریوں کو بروقت اور مؤثر ایمرجنسی خدمات فراہم کریں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو عملی معاشی اور تکنیکی تعاون میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔