امتحانی نظام میں شفافیت کے لیے طلبہ کو جوابی کاپیاں دیکھنے کی اجازت
حکومت سندھ سے تعلیمی بورڈز کو نوٹیفکیشن جاری کردیا:فوٹو:فائل
خیبرپختونخوا حکومت نے امتحانی نظام میں شفافیت بڑھانے کے لیے تمام تعلیمی بورڈز میں ’شو آف پیپر‘ پریکٹس نافذ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام بورڈز کو فوری طور پر سہولت سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق طلبہ اب اپنی جوابی کاپیوں کا جائزہ لینے کے لیے درخواست دے سکیں گے، جبکہ تمام بورڈز کو طلبہ کی درخواستیں بلاامتیاز قبول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس اقدام کے تحت طلبہ کو اپنی امتحانی کاپیوں کا جائزہ لینے کی سہولت حاصل ہوگی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق کوہاٹ بورڈ کے کامیاب ماڈل کو صوبے بھر میں اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ’شو آف پیپر‘ پریکٹس سے امتحانی نظام میں شفافیت اور احتساب بہتر ہوگا، جبکہ امتحانی نتائج پر طلبہ کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت کی ہے کہ ’شو آف پیپر‘ کی سہولت کے حوالے سے فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں، تاکہ طلبہ اپنی جوابی کاپیوں کا جائزہ لینے کے لیے درخواست دے سکیں۔