بھارت میں خواجہ سرا کے بھیس میں گھر میں داخل ہوکر خاتون کیساتھ زیادتی
بھارت کے شہر ممبئی میں ایک شخص نے خواجہ سرا کے بھیس بدل کر ایک گھر میں مبارک باد دینے کے بہانے داخل ہوا اور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون نے تھانے میں رپورٹ درج کرائی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لینا شروع کیا۔
تفتیش کے دوران پولیس کو مبینہ طور پر ایسی فوٹیج ملی جس میں ایک شخص واردات کے بعد ساڑھی پہن کر رکشے میں سوار ہوتا دکھائی دیا۔
جس پر پولیس نے اس کے سفر کا سراغ لگاتے ہوئے تھانے کے علاقے کھاریگاؤں کی ایک کچی آبادی تک ٹریس کیا جہاں سے اسے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کو دیئے گئے بیان میں 28 سالہ شخص نے بتایا کہ اُس نے ساڑھی پہن کر خود کو خواجہ سرا کا روپ دیا اور ایک گھر میں گھس کر خاتونِ خانہ کو اپنی باتوں میں پھنسایا۔
ملزم نے خاتون کو کہا کہ نظرِ بد ہے جسے دور کرنے کے لیے ایک رسم ادا کرنا ہوگی جس کے لیے خاتون کو بیڈ روم لے کر گیا اور دھونس دھمکی دیکر جنسی زیادتی کی۔
تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ ملزم صرف خواجہ سرا کا روپ ہی نہیں دھارتا تھا بلکہ لوگوں سے رابطے کے لیے بھکاری کا بھیس بھی اختیار کرتا تھا۔