لاہور: نشہ آور جوس پلا کر خاتون کا گینگ ریپ کرنے والے ملزمان گرفتار
لاہور کے شاد باغ میں خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان حسنین اور کاظم بلوچ نے خاتون کو اڈہ گھر پورہ سے اپنی گاڑی میں بٹھایا۔
ایف آئی آر کے مطابق گاڑی میں بٹھاتے ہی ملزم کاظم بلوچ نے خاتون کو نشہ آور جوس پلا کر نیم بے ہوش کردیا۔ ملزمان خاتون کو نامعلوم مقام پر کمرے میں لے گئے جہاں سلمان عمر لطیف پہلے سے موجود تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق تمام ملزمان نے خاتون کو باری باری زیادتی کا نشانہ بنایا، شور مچانے پر بیلٹ اور ڈنڈوں سے تشدد کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ ملزمان نے خاتون کو دن بھر کمرے میں حبسِ بے جا میں رکھا اور دوبارہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان شام کے وقت خاتون کو بھباں جھگیاں، نزد جنگل اسٹیڈیم شاد باغ کے پاس گاڑی سے اتار کر دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع پر شاد باغ پولیس فوری موقع پر پہنچی۔ ملزمان کے خلاف دفعہ 375-اے ت پ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
بعد ازاں شاد باغ میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 مرکزی ملزمان کاظم اور حسنین کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق خاتون کی شکایت پر شاد باغ پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کی۔ خاتون کی درخواست پر تھانہ شاد باغ میں مقدمہ نمبر 2020/26 درج کیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کاظم اور حسنین کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیموں کے چھاپے جاری ہیں۔
واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور شواہد کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاتون کو قانونی و طبی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین سے متعلق جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں ہوں گی، خواتین کے تحفظ اور ایسے واقعات پر فوری پولیس رسپانس کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔