بچوں میں مقبول کارٹون ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ پر یوکرین میں پابندی کیوں لگائی گئی؟
یوکرین نے روس کے عالمی سطح پر مقبول بچوں کے کارٹون ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ سے وابستہ پروڈیوسرز اور تقسیم کاروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
یوکرینی حکومت کا مؤقف ہے کہ کارٹون روس کے حق میں مثبت بیانیہ اجاگر کرنے اور اس کے ثقافتی اثر و رسوخ کو بڑھانے کا ذریعہ بن رہا ہے، جس کے باعث اسے قومی سلامتی کے لیے ممکنہ خطرہ سمجھا جا رہا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کی وزیرِ ثقافت تاتیانا بریژنا نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حکومت نے کارٹون کی تیاری اور تقسیم سے منسلک افراد اور اداروں کے خلاف پابندیاں نافذ کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے تحت یوکرین میں کارٹون کے مواد تک رسائی محدود کرنے کے علاوہ عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی آمدنی اور تقسیم روکنے کے لیے بھی قانونی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اس سلسلے میں جمعرات کو حکم نامے پر دستخط کیے۔ پابندیوں میں کارٹون تیار کرنے والے اسٹوڈیو اینیماکارڈ کے ساتھ ساتھ سیریز سے وابستہ دیگر افراد اور اداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
’ماشا اینڈ دی بیئر‘ دنیا کے مقبول ترین بچوں کے کارٹونز میں شمار ہوتا ہے، جس کی کہانی ماشا نامی شرارتی بچی اور اس کے دوست ریٹائرڈ سرکس ریچھ کے گرد گھومتی ہے۔ اس کی غیر معمولی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یوٹیوب پر کارٹون کی ویڈیوز کو مجموعی طور پر 37 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے، جبکہ بعض اقساط کے ویوز چار ارب سے بھی تجاوز کرچکے ہیں۔ یہ کارٹون دنیا کے تقریباً 100 ممالک میں نشر کیا جاتا ہے۔
تاہم یوکرین کے علاوہ برطانیہ اور ایسٹونیا سمیت بعض اتحادی ممالک بھی ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ پر اعتراض کرچکے ہیں۔ ان ممالک کا مؤقف ہے کہ کارٹون روس کا ایک مثبت تاثر پیش کرتا ہے اور اسے روسی ثقافتی اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے نرم طاقت کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یوکرین کی وزیرِ ثقافت تاتیانا بریژنا نے واضح کیا کہ بچوں کے پروگراموں کو روسی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق نئی پابندیوں کا مقصد یوکرین میں کارٹون کی رسائی محدود کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی آمدنی اور تقسیم کو بھی روکنا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ روسی ثقافتی مواد کے خلاف یوکرین میں جاری اقدامات کے باوجود ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ وہاں بچوں میں مقبول ہے۔ اخبار ’یوکرائنسکا پراودا‘ کے مطابق گزشتہ سال اگست میں کارٹون کا یوکرینی یوٹیوب چینل ملک میں بچوں کے لیے سب سے زیادہ مقبول چینل بن گیا تھا، جبکہ اس کے فالوورز کی تعداد اس وقت 18 ملین سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب روس نے یوکرین کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی ہے اور اس کارٹون میں انسانی خوبیوں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل یوکرین نے جون میں بھی ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ پر اعتراض کیا تھا، جب نیٹ فلکس نے کارٹون کے نئے سیزنز نشر کرنے کے حقوق حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ نئی پابندیوں کے بعد یوکرینی حکام کی جانب سے ملک میں کارٹون کے مواد اور اس کی تقسیم محدود کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔