سلمان خان کے اسٹنٹ مین کو دل کا دورہ، ایکشن مناظر اب خود کریں گے
بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران اس وقت مشکلات پیدا ہوگئیں جب ان کے باڈی ڈبل، جو ایکشن اور خطرناک مناظر میں اداکار کی جگہ پرفارم کرتا ہے، کو دل کا دورہ پڑ گیا۔ طبیعت خراب ہونے کے بعد اسٹنٹ مین کو کچھ عرصے کے لیے ایکشن سین کی شوٹنگ سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا جسے فی الحال SVC63 کے عارضی نام سے پکارا جا رہا ہے۔ شوٹنگ کے دوران اسٹنٹ کرنے والے شخص کی طبیعت اچانک بگڑی، بعد ازاں معلوم ہوا کہ اسے دل کا دورہ پڑا ہے۔
واقعے کے باعث فلم کے ایکشن مناظر کی عکس بندی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا، تاہم سلمان خان نے خود آگے بڑھ کر ان سینز کی شوٹنگ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ فلم کے کام کو مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رکھا جاسکے اور پروڈکشن میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سلمان خان اس صورتحال میں خاصے متحرک ہیں اور فلم کی شوٹنگ کے معمولات برقرار رکھنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اداکار کی خواہش ہے کہ اسٹنٹ مین کی عارضی غیر موجودگی کے باوجود فلم کے شیڈول پر زیادہ اثر نہ پڑے۔
دوسری جانب فلم کی انتظامیہ بھی سلمان خان سے ایکشن مناظر کروانے کے معاملے میں محتاط انداز اختیار کر رہی ہے اور سینز کی منصوبہ بندی احتیاط کے ساتھ کی جارہی ہے، تاکہ اداکار کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے شوٹنگ کا عمل بھی جاری رکھا جاسکے۔