ٹرمپ کا ایران پر معاشی پابندیوں کا اعلان جنگ میں شکست کا اعتراف ہے، پاسداران انقلاب

بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا کہ دشمن کے کسی بھی جارحانہ اقدام کے لیے ہمارے پاس مختلف منصوبے موجود ہیں

فوٹو: پریس ٹی وی

ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر معاشی پابندیوں کا اعلان جنگ کے میدان میں فوجی شکست کا اعتراف ہے۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کہتے ہیں کہ انہوں نے اقتصادی جنگ کا حکم دیا ہے اور ایران پر سخت ترین اقتصادی مہم شروع کی ہے جو دشمن کی فوجی میدان میں ذلت آمیز شکست کا بالواسطہ اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا فوجی محاذ پر کامیاب ہوتا تو اسے اقتصادی جنگ کا سہارا لینے کی کوئی ضرورت پیش نہ آتی لیکن ایران کے خلاف اس طرح کا دباؤ کوئی نئی بات نہیں کیونکہ دشمن گزشتہ47  برس سے اقتصادی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور معیشت کے تمام بڑے شعبوں پر پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا کہ ہم بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام کے لیے ہمارے پاس مختلف منصوبہ بندی موجود ہے، دشمن کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات میں سے ایک اقتصادی اقدامات اور اقتصادی جنگ بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی جنگ کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمارے پاس منصوبے موجود ہیں اور ہم دیگر ممالک کے ساتھ باآسانی اقتصادی تعلقات قائم کر سکتے ہیں، اقتصادی صورت حال کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں ہے، پابندیوں کے باوجود تہران دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کوششوں کے نتائج مستقبل قریب میں سامنے آجائیں گے۔

ترجمان پاسداران انقلاب نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے جون 2025 کی 40 روزہ جنگ اور فروری کے آخر میں ہونے والی 12 روزہ جنگ کے دوران دشمن کو شدید نقصان پہنچانے میں کامیابی حاصل کر لیں، 40 روزہ مسلط کردہ جنگ شروع ہونے سے قبل ایران نے خلیج فارس میں دشمن کے کم از کم 30 سے 40 جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جبکہ دشمن اب خلیج فارس سے400 کلومیٹر پیچھے ہٹ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی وسائل تعینات کیے تھے تاہم بالآخر اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

متعلقہ

Load Next Story