عراق نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ سکیورٹی کونسل کی تجویز دے دی

عراق کی جانب سے یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے

عراق نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ سکیورٹی کونسل قائم کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔

عراقی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد دونوں علاقائی طاقتوں کے درمیان اعتماد کے بحران کو کم کرنا اور خطے میں سکیورٹی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

عراق کے وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے بتایا کہ بغداد نے یہ تجویز ایران اور سعودی عرب دونوں کے سامنے پیش کردی ہے۔

قاسم الاعرجی نے سرکاری ٹی وی عراقیا سے گفتگو میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بنیادی مسئلہ اعتماد کا بحران ہے۔

ان کے مطابق مشترکہ سکیورٹی کونسل کے قیام سے دونوں ممالک کو باہمی خدشات پر براہ راست بات چیت اور خطے کے سکیورٹی مسائل کے حل کے لیے تعاون کا موقع مل سکتا ہے۔

عراق کی جانب سے یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے اور ایران، سعودی عرب سمیت خطے کے مختلف ممالک کے درمیان سکیورٹی اور سیاسی معاملات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

بغداد طویل عرصے سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری اور علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کی کوششیں کرتا رہا ہے۔ مشترکہ سکیورٹی کونسل کی نئی تجویز بھی اسی سفارتی کوشش کا حصہ سمجھی جا رہی ہے۔

Load Next Story