حنا جاوید کی لاش شاور کے ساتھ بندھی ملی، دیکھتے ہی قتل کا اندازہ ہوگیا تھا، پولیس

سسر کو شامل تفتیش کرلیا ہے جیسے ہی ٹھوس شواہد آئیں گے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، آر پی او

راولپنڈی میں 45 سالہ حنا جاوید کے قتل کے حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر نے بتایا کہ مقتولہ کی لاش شاور سے بندھی ملی جبکہ ہاتھ بھی بندھے ہوئے تھے، سسر کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔

ار پی او راولپنڈی سرفراز الپا نے سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا ہے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 20 اگست کو حنا جاوید کا بہیمانہ قتل ہوا، پولیس کو اطلاع ملی کہ گھر میں چور گھس آئے پولیس پہنچی باتھ روم سے حنا جاوید کہ نعش ملی۔

انہوں نے کہا کہ حنا جاوید کی لاش کو دیکھ کرہی اندازہ ہوا کہ یہ قتل ہے جسکو خودکشی کا رنگ دیا جارہا ہے، دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا جس میں ایک شوہر اور دوسرا ملازم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں اعلی سطحی ٹیم تشکیل دی ہے، جو اپنا کام کررہی ہے جبکہ باقی میڈیکل رپورٹس کے بعد مزید کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 20 اگست کو صبح چھ بجے اصغر علی فیاض نے تھانے آکر اطلاع دی کہ فیصل علوی روڈ پر واقع گھر میں چور داخل ہوئے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس ٹیم فوری طور پر موقعہ پر پہنچی جہاں مقتولہ حنا جاوید کی ڈیڈ باڈی واش روم میں ملی، نعش شاور سے بندھی ہوئی تھی اور ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ مقتولہ حنا جاوید کے بھائی فہد جاوید کی درخواست پر قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ میں مقتولہ کے شوہر فیصل فیاض، سسر اصغر فیاض، ذیشان (گھریلو ملازم) اور ایک نامعلوم کو نامزد کیا گیا ہے۔

آر پی او کے مطابق مقدمہ کی تمام زاویوں پر تفتیش کی جا رہی ہے، مقدمہ میں ملزم ذیشان اور فیصل پولیس حراست میں ہیں جبکہ تفتیش میں ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس سمیت تمام ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔

آر پی او کے مطابق زیر حراست ملزمان سے میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جا رہے جبکہ مقدمہ کو حقائق پر یکسو کیا جائے گا۔ ڈی این اے سمیت تمام سائنٹیفک پہلوؤں سے مقدمہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ مقتولہ کے سسر کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے جبکہ ٹھوس شواہد آنے کے بعد اُن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مقدمہ کی تفتیش ابتدائی مرحلہ پر ہے، اسلئے کچھ چیزوں کو بتانا مناسب نہیں، جیسے جیسے تفتیش آگے بڑھے گی جسکا جتنا کردار ہو گا اس کے مطابق انھیں نامزد کیا جائے گا۔

متعلقہ

Load Next Story