اسلام آباد: ایف آئی اے کی کارروائی، مختلف ممالک سے ڈیپورٹ 10 پاکستانی گرفتار، مقدمہ درج

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ان میں سے چھ افراد ترکی سے ڈیپورٹ کیے گئے جن پر یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش کا الزام ہے

فوٹو: فائل

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد  نے کارروائی کرتے ہوئے ترکی، اٹلی، کویت اور سعودی عرب سے ڈیپورٹ ہونے والے دس افراد  کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ڈیپورٹی مختلف ممالک سے ڈیپورٹ ہو کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے  جہاں ان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974 کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ان میں سے چھ افراد ترکی سے ڈیپورٹ کیے گئے جن پر یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش کا الزام ہے جبکہ اٹلی، کویت اور سعودی عرب سے آنے والے باقی افراد پر غیر قانونی داخلے، اوور اسٹے اور بھیک مانگنے سمیت دیگر الزامات عائد ہیں۔

تمام ملزمان کے پاسپورٹ، سفری دستاویزات اور موبائل فونز تحقیقات کے لیے قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔تفتیش کے دوران اس امر کی بھی چھان بین کی جائے گی کہ آیا کسی ایجنٹ یا سہولت کار نے ان افراد کو غیر قانونی طریقے سے بیرونِ ملک بھیجنے میں معاونت کی۔ملوث پائے جانے والے کسی بھی فرد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری کا کہناتھا کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طریقے سے بیرونِ ملک سفر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Load Next Story