فیلڈ مارشل اور ایرانی صدر کے درمیان انتہائی مثبت ملاقات ہوئی، وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل اور ایرانی صدر کے درمیان انتہائی مثبت ملاقات ہوئی ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت اور ایرانی صدر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایران امریکا تنازع سمیت مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔ دونوں جانب سے ایران امریکا تنازع کے حل، آئندہ کے لائحہ عمل اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر اہم مشاورت کی گئی۔
Field Marshal Syed Asim Munir and I had a very positive and productive meeting with the President of Iran. Our discussion focused on the Iran US conflict, tensions in the Middle East and the way forward, as well as the steps needed by both sides for restoration of the Islamabad… https://t.co/jt1wtlESCa
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) August 24, 2026
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس حوالے سے امید ظاہر کی گئی کہ اسلام آباد ایم او یو کی بحالی تنازع کے جامع حل کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر نے ملاقات کے دوران اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے، جس پر مثبت اور تعمیری تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان اہم معاملات پر پیش رفت بھی سامنے آئی، جبکہ باہمی رابطوں اور مشاورت کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی ، جس سے خطے میں پائیدار امن کے لیے امید پیدا ہوئی ہے۔ ایران امریکا تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں میں بھی اہم پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے خطے کے موجودہ حالات میں سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل اور امن کے فروغ کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر بھی توجہ دی۔