عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض ختم، نمبر الاٹ
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی بہن کی توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی۔
سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے توہین عدالت درخواست پر اعتراض عائد کردیے، ذرائع نے کہا کہ توہین عدالت کے الزام کا سامنا کرنے والے فریقین کیساتھ الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوا، ہم نے توہین عدالت کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت سینٹر پر میری رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی، رجسٹرار سپریم کورٹ نے بتایا ہماری درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا ہے، ہمیں توہین عدالت کی درخواست کی فائل واپس کردی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اعتراض دور کرکے توہین عدالت کی درخواست دوبارہ دائر کریں گے، ہم چاہتے ہیں وہی بنچ آج ہی تشکیل دے دیا جائے تاکہ جمعرات کو سماعت ہو جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بہت ضروری ہے، برائے مہربانی بانی پی ٹی آئی کی فیملی ممبران سے ملاقات کرائیں، ہم اپنا وعدہ پورا کر چکے ہیں۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست پر اعتراضات کو دور کردیا گیا، ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے عائد اعتراض کو دور کر کے درخواست دوبارہ دائر کردی گئی۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے توہین کے مرتکب افراد کو الزامات کی فہرست نہ بھجنے کا اعتراض عائد کیا گیا تھا۔
ادھر پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رجسٹرار صاحب سے فیسیلٹیشن سینٹر میں ملاقات ہوئی،رجسٹرار صاحب نے مجھے کہا ہم نے اپنی درخواست پر ایک اعتراض لگایا ہے، میں درخواست کروں گا آج ہی انکو نمبر الاٹ کیا جائے اور ہمارا پراسس مکمل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر ہر صورت میں ان پر عملدرآمد ہونا ہے، خان صاحب کی صحت کا ایشو ہیں انکے بنیادی حقوق میں یہ ہے،اس آرڈر کے مطابق خان صاحب کی فیملی نے ہر ہفتے ایک ملاقات کرنی ہے، نورین بی بی نے مجھے بھی پوری تفصیل نہیں بتائی لیکن وہ ملاقات سے خوش تھیں۔
دوسری جانب رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے توہین عدالت درخواست کو نمبر الاٹ کردیا، عظمیٰ خان کی توہین عدالت درخواست کو 8/2026 نمبر لگایا گیا۔
عظمیٰ خان کی توہین عدالت درخواست کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر
عظمیٰ خان نے ہسپتال منتقلی کے معاملے پر دائر توہین عدالت کی درخواست کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی کی صحت خراب ہو رہی ہے، جلد سماعت کا معاملہ بانی کی صحت اور زندگی سے جڑا ہے۔ حکومت نے عدالتی فیصلے کی حکم عدولی کی، اگر کوئی وضاحت درکار تھی تو متعلقہ عدالت سے رجوع کرتے۔ عدالتی فیصلے سے انحراف نہیں کیا جا سکتا تھا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ توہین عدالت کی درخواست رواں ہفتے سماعت کیلئے مقرر کی جائے، مزید تاخیر ناقابل تلافی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت کے حکم امتناع کے بغیر کسی حکم کی تعمیل میں نظرثانی دائر کرنے کا جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں ہفتے ہی توہین عدالت کا کیس فکس کیا جائے۔
بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ بھی آئے تھے تاکہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کروایا جا سکے۔