نمی کے موسم میں بال بے ترتیب اور روکھے کیوں ہو جاتے ہیں؟ ماہرین نے وجہ بتا دی

ماہرین کے مطابق بالوں کا بڑا حصہ کیراٹین پروٹین پر مشتمل ہوتا ہے

گرمی اور نمی کے موسم میں اچھی طرح سیٹ کیے گئے بال بھی چند ہی منٹوں میں بے ترتیب اور پھولے ہوئے نظر آنے لگتے ہیں لیکن اس کی وجہ صرف پسینہ یا گرمی نہیں بلکہ بالوں کے اندر ہونے والی تبدیلیاں ہیں۔

ماہرین کے مطابق بالوں کا بڑا حصہ کیراٹین پروٹین پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ ان کی ساخت برقرار رکھنے میں ہائیڈروجن بانڈز اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہوا میں نمی بڑھنے پر بال پانی جذب کرتے ہیں جس سے یہ عارضی بانڈز متاثر ہوتے ہیں اور بال اپنی سیٹ کی گئی شکل کھونے لگتے ہیں۔

کون سے بال زیادہ متاثر ہوتے ہیں؟

گھنگریالے، زیادہ مسام دار یا کیمیکل ٹریٹمنٹ سے گزرنے والے بال نمی سے نسبتاً زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بعض افراد کے بال مرطوب موسم میں دوسروں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھولنے یا الجھنے لگتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بالوں کا فِریزی ہونا ہمیشہ ان کے خشک ہونے کی علامت نہیں بلکہ اس کا تعلق اس بات سے بھی ہے کہ بال ماحول سے کتنی نمی جذب کرتے ہیں۔

بالوں کو فِریزی ہونے سے کیسے بچائیں؟

بال دھونے کے بعد کنڈیشنر کا استعمال، تولیے سے زور سے رگڑنے کے بجائے نرمی سے خشک کرنا اور مناسب لیو اِن کنڈیشنر یا اینٹی فِرز سیرم استعمال کرنا مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

بالوں کی مصنوعات خریدتے وقت صرف مہنگے یا مشہور تیل کو دیکھنے کے بجائے مکمل فارمولے اور بالوں کو نمی سے محفوظ رکھنے والے اجزا پر توجہ دینا زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

 

Load Next Story