کراچی؛ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں 3مرکزی جلوس، ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند
کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں تین مرکزی جلوس برآمد ہوں گے جن کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔
جلوسوں کے لیے ایم اے جناح روڈ کو نمائش چورنگی سے میری ویدر ٹاور تک عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، صرف خصوصی پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے کے قریب برآمد ہوگا۔ جلوس نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
دوسرا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد سے مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا اور شام 6 بجے نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے اختتام پر نشتر پارک میں میلاد النبی ﷺ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے دوران کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ ڈائیورژنز کے مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول کے روز شہر میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔
جشن میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جہاں درود و سلام، نعت خوانی اور میلاد کی محافل کا سلسلہ جاری ہے۔