لاہور؛ مسافروں کو نشہ آور مشروب پلا کر لوٹنے والا ملزم گرفتار
ناکہ شیرا کوٹ پر مجاہد اسکواڈ کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو نشہ آور مشروب پلا کر لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت کے داخلی و خارجی ناکہ جات پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم غلام حیدر پبلک ٹرانسپورٹ میں وارداتیں کرتا تھا، ملزم فیصل آباد سے لاہور آنے والی بس میں سوار تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم اپنے ساتھ بیٹھے مسافروں کو مشروب اور سنیکس کھانے پینے کی دعوت دیتا، نشہ آور مشروب اور اشیا کھلا کر مسافروں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں پہنچاتا اور قیمتی سامان و جیبوں کا صفایا کرکے فرار ہو جاتا تھا۔
پولیس نے ملزم غلام حیدر کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید کارروائی کے لیے تھانہ شیرا کوٹ کے حوالے کر دیا۔
ایس پی موبائلز بلال احمد نے کہا کہ مشتبہ افراد یا گاڑیوں کی چیکنگ کے بغیر لاہور میں داخلہ ممکن نہیں، شہری دورانِ سفر کسی بھی اجنبی سے کوئی چیز لے کر کھانے یا پینے سے گریز کریں۔