سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں جو ٹیم کیلیے اچھا ہوگا وہی کھیلے گا: بابر اعظم
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں، ٹیم کے لیے جو بہتر ہوگا وہی پلیئنگ الیون کا حصہ بنے گا۔
لندن میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی کھلاڑی غیر اہم نہیں، بعض اوقات کسی کھلاڑی کو اعتماد دینے کے لیے بھی موقع دیا جاتا ہے۔
بیٹنگ کے دوران وکٹیں گرنے کے مسئلے پر بابر اعظم نے کہا کہ یہ درست ہے کہ اچھی پارٹنرشپ کے بعد اچانک وکٹیں گر جاتی ہیں، ٹیم اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ نیا بیٹر کریز پر آتا ہے تو سیٹ بیٹر ہی آؤٹ ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لارڈز کی پچ پر گھاس نظر آرہی ہے، اس لیے پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
بابر اعظم نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سے متعلق کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور ٹیم مینجمنٹ حالات کے مطابق فیصلے کرے گی۔
قومی کپتان نے کہا کہ پوری پلیئنگ الیون پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ بولرز مخالف ٹیم کے تمام 20 کھلاڑیوں کو آؤٹ کریں اور بیٹرز اپنی ذمہ داری پوری نہ کریں۔
بابر اعظم نے اپنی فٹنس سے متعلق بتایا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور لارڈز ٹیسٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہوگی کہ لارڈز میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی جائے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے اور لارڈز ٹیسٹ پاکستان کے لیے سیریز برابر کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔