رمیز راجا نے شاہین آفریدی کی ٹیسٹ اسکواڈ سے عدم موجودگی کی اصل وجہ بتا دی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ ٹیم سے غیر موجودگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ صرف گھٹنے کی انجری تک محدود نہیں بلکہ رویے اور ٹیم میں برتاؤ سمیت دیگر عوامل بھی کارکردگی پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
ایک پوڈکاسٹ میں انگلینڈ کے سابق کرکٹرز سر الیسٹر کک، ڈیوڈ لائیڈ، مائیکل وان اور فل ٹفنل کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا سے شاہین آفریدی کی ٹیسٹ ٹیم میں عدم شمولیت سے متعلق سوال کیا گیا۔
رمیز راجا نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ شاہین کے ساتھ اصل میں کیا ہوا ہے، تاہم گھٹنے کی انجری کے بعد وہ شاید 100 فیصد فٹ نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے شاہین کے رویے سے متعلق بھی باتیں کی جاتی ہیں، تاہم وہ انہیں اتنا قریب سے نہیں جانتے کہ اس بارے میں حتمی رائے دے سکیں۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ٹیم کے اندر عمومی تاثر یہ بھی ہے کہ شاہین ہر وقت مکمل طور پر ذہنی طور پر موجود نہیں ہوتے، موڈ میں اتار چڑھاؤ اور مناسب طریقے سے ٹریٹ نہ کیا جانا یا انتظامی مسائل بھی میدان میں ان کی کارکردگی پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اس وقت انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں مصروف ہے جبکہ شاہین آفریدی ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔ انہیں بنگلا دیش کے خلاف مئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔