ایران پر پابندیاں عائد کرکے امریکا کیلیے جنگ جیتنا آسان ہوگا؛ ٹرمپ

امریکا کی مالی طاقت غیر معمولی ہے اور یہی طاقت ایران کے خلاف ایک بڑی کامیابی کا باعث بن سکتی ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا کی معاشی پابندیاں اور مالی دباؤ بالآخر جنگ کا رخ امریکا کے حق میں موڑ دیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا کی مالی طاقت غیر معمولی ہے اور یہی طاقت ایران کے خلاف ایک بڑی کامیابی کا باعث بن سکتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ان پابندیوں کی ہی وجہ سے ایران کی معاشی صورتحال ابتر ہے اور وہ بری طرح کمزور ہو رہا ہے۔ یہاں تک کہ شکست کے قریب پہنچ گیا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایران کے خلاف پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسری جانب ایران اور عمان آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری آمدورفت بحال کرنے کے لیے ایک عارضی فریم ورک پر بات چیت کر رہے ہیں۔

امریکی انتظامیہ نے ایران کی معیشت کو مزید محدود کرنے کے لیے نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ جن کا مقصد ایران کی تیل کی آمدنی، مالیاتی نظام اور بین الاقوامی تجارت پر دباؤ بڑھانا ہے۔

امریکی حکام نے ان ممالک اور اداروں کے خلاف بھی کارروائی کی دھمکی دی ہے جو ایران کے ساتھ ایسے تجارتی روابط برقرار رکھتے ہیں جنہیں واشنگٹن پابندیوں کی خلاف ورزی سمجھتا ہے۔

تاہم چین اس امریکی دباؤ کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے، کیونکہ وہ ایرانی تیل کا ایک اہم خریدار ہے۔

امریکی دباؤ کے باوجود ایران نے ابھی تک پسپائی کے واضح آثار نہیں دکھائے۔ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی معیشت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ایرانی کرنسی بھی ریکارڈ کمزور سطحوں تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے باوجود تہران نے امریکا کے سامنے شرائط ماننے سے انکار کیا ہے۔

 

موجودہ تنازع میں آبنائے ہرمز مرکزی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ ایران اور عمان ایک ایسے انتظام پر کام کر رہے ہیں جس کے تحت تجارتی جہازوں کے لیے محفوظ راستہ بحال کیا جا سکے، جبکہ مستقبل میں آبنائے کے انتظام کے لیے مستقل حل پر بھی بات ہو سکتی ہے۔

اگر یہ کوشش کامیاب ہوتی ہے تو عالمی تیل سپلائی کے خدشات کم ہونے اور قیمتوں میں مزید کمی کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔ تاہم مذاکرات کی کامیابی ابھی یقینی نہیں، اور خطے میں کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے تیل کی قیمتیں دوبارہ تیزی سے اوپر جا سکتی ہیں۔

 

Load Next Story