چینی ہیکرز کا امریکا کے حساس اداروں پر سائبر حملہ
امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے چینی ہیکنگ آپریشن کو غیر فعال بنا دیا جو محکمہ انصاف، ناسا، فیڈرل ریزرو، سینیٹ اور دیگر حساس سرکاری اداروں میں مداخلت کی کوشش کررہا تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے کہا کہ اس نے دو ہیکنگ پلیٹ فارمز QScan اور QTRouter کے زیر استعمال ڈومینز ضبط کر لیے ہیں، جو اس مہم کا حصہ تھے۔
محکمہ نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم چین کی ایک فرم Nanjing Xinjiuwei نیٹ ورک ٹیکنالوجی کمپنی چلاتے تھے جس کے کلائنٹس چین کی سویلین انٹیلی جنس ایجنسی، منسٹری آف اسٹیٹ سیکیورٹی اور پیپلز لبریشن آرمی شامل تھے۔
امریکی حکام کی جانب سے دائر کردہ حلف نامے میں ہیکرز کے متاثرین میں محکمہ توانائی، محکمہ صحت اور انسانی خدمات، قومی ادارہ صحت اور امریکہ اور جنوبی کوریا کی چار نامعلوم کمپنیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے ۔
دوسری جانب واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے کہا کہ وہ محکمہ انصاف کے بیان میں دی گئی مخصوص تفصیلات سے واقف نہیں ہے۔ ایک ترجمان نے کہا کہ چینی حکومت قانون کے مطابق ہر قسم کے سائبر حملوں کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور ان کا مقابلہ کرتی ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ امریکہ سائبر سیکیورٹی کے مسائل کو چین کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے.