روزانہ سورہ رحمٰن کی تلاوت نے کینسر سے صحتیابی میں اہم کردار ادا کیا، نعمان اعجاز

نعمان اعجاز نے اپنی صحتیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ان پر بہت مہربان رہا ہے۔

پاکستان کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا رہ چکے ہیں اور انہوں نے اپنی صحتیابی کے سفر میں سورۃ الرحمٰن کی روزانہ تلاوت کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران نعمان اعجاز نے بتایا کہ جون 2024 میں ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، ان کے کان کے قریب ٹیومر جبکہ معدے میں لیمفوما موجود تھا۔ بیماری کا علم ہونے پر انہوں نے اللہ تعالیٰ سے رحم کی دعا کی۔ انہیں اسپتال کے چکر، کیموتھراپی اور علاج کی مشکلات سے زیادہ اس بات کی فکر تھی کہ ان کے اہلِ خانہ کو ان کی بیماری کی وجہ سے تکلیف سے گزرنا پڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کان کے قریب موجود ٹیومر کو آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا جبکہ معدے میں موجود لیمفوما بعد کے اسکینز میں نظر نہیں آیا۔ ڈاکٹروں نے جولائی میں کیموتھراپی شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا مگر بعد میں آنے والے اسکین کے نتائج ان کے لیے حیران کن تھے۔

نعمان اعجاز نے اپنی صحتیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ان پر بہت مہربان رہا ہے۔

Load Next Story