پاکستانی طالبات کیلئے بڑی خوشخبری، ٹیوشن فیس اور ہاسٹل سمیت اسکالرشپ کا اعلان

اسکالرشپ کیلئے درخواستیں 15 ستمبر 2026 تک آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں

بریٹش کونسل نے اسکاٹش حکومت کے اشتراک سے اسکاٹ لینڈ پاکستان اسکالرشپ اسکیم برائے نوجوان خواتین و طالبات 2026-27 کیلئے درخواستیں طلب کر لی ہیں جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کر 15 ستمبر 2026 کر دی گئی ہے۔

اس اسکالرشپ پروگرام کا مقصد پاکستان میں مالی طور پر پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ پروگرام کا آغاز 2013 میں کیا گیا تھا اور اب تک اس کے تحت پاکستان بھر میں 25 ہزار سے زائد طالبات کو تعلیمی معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔

بریٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس اسکالرشپ اسکیم کی بدولت 25 ہزار سے زائد خواتین اور طالبات کو اسکول اور یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا۔ یہ پروگرام معیاری تعلیم کو زیادہ قابل استطاعت بنانے کے ساتھ نوجوان خواتین کیلئے نئے تعلیمی مواقع پیدا کر رہا ہے۔

اسکالرشپس پاکستان میں ایچ ای سی سے تسلیم شدہ جامعات میں بیچلرز اور ماسٹرز پروگرامز کرنے والی اہل طالبات کیلئے دستیاب ہیں۔ اسکالرشپ کیلئے تعلیم، زراعت و غذائی تحفظ، پائیدار توانائی، ہیلتھ سائنسز، موسمیاتی تبدیلی اور اسٹیم انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ اسٹیم مضامین میں بیچلرز اور ماسٹرز دونوں سطحوں پر درخواست دی جا سکتی ہے۔

اسکالرشپ کے تحت منتخب طالبات کی ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی جبکہ ضرورت کے مطابق یونیورسٹی ہاسٹل کے اخراجات بھی فراہم کیے جائیں گے۔ آن کیمپس ہاسٹل میں رہنے والی طالبات کو سال میں دو مرتبہ گھر اور یونیورسٹی کے درمیان سفر کے اخراجات بھی دیے جائیں گے۔

ماسٹرز کی طالبات کو اپنے تحقیقی کام کیلئے معیاری لیبارٹریز، آلات اور ضروری سہولیات تک رسائی کی غرض سے ریسرچ فنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

پوسٹ گریجویٹ طالبات دو سالہ ماسٹرز یا ایم فیل  پروگرام جبکہ انڈرگریجویٹ طالبات اہل شعبوں میں چار سالہ بیچلرز ڈگری پروگرام کیلئے اسکالرشپ حاصل کر سکتی ہیں۔

درخواست گزار کا پاکستانی شہری اور پاکستان میں مقیم ہونا ضروری ہے جبکہ اسے ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹی میں متعلقہ ڈگری پروگرام کیلئے داخلے کی تصدیق شدہ پیشکش بھی حاصل ہونی چاہیے۔

بریٹش کونسل نے اقلیتی برادریوں اور معذور افراد سے تعلق رکھنے والی طالبات کو بھی خصوصی طور پر درخواست دینے کی ترغیب دی ہے۔

اسکالرشپ کیلئے درخواستیں 15 ستمبر 2026 تک آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اہلیت، درخواست کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات برٹش کونسل پاکستان کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں:

https://www.britishcouncil.pk/scotland-pakistan-scholarships-young-women-and-girls 

 

 

 

Load Next Story