چالیس برس بھارتی قید میں گزارنے والے سپاہی مقبول حسین کی آج 8 ویں برسی
سپاہی مقبول حسین کی 8 ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
وطن سے محبت اور فرض شناسی میں پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، وطن پر جب بھی کڑا وقت آیا، پاک فوج کے جوانوں نے جرات و بہادری سے لبیک کہا۔
سپاہی مقبول حسین کی زندگی وطن سے وفاداری، عزم اور بے مثال بہادری کی لازوال داستان ہے، شہید سپاہی کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے تراڑکھل سے تھا، وہ 4 آزاد کشمیر رجمنٹ کا حصہ تھے۔
1965 کی جنگ میں سپاہی مقبول حسین نے بہادری سے اپنے فرائض انجام دیے اور دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، 1965 کی جنگ کے دوران سپاہی مقبول حسین شدید زخمی ہوئے اور بھارتی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہوئے، بھارتی قید میں سپاہی مقبول حسین کو بدترین ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
چار دہائیوں پر محیط بھارتی قید کے بعد سپاہی مقبول حسین 17 ستمبر 2005 کو وطن واپس پہنچے، وہ 28 اگست 2018 کو خالقِ حقیقی سے جا ملے، مقبول حسین نے وطن کی محبت میں عزم و استقامت کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔