ملک میں المناک واقعات کے دوران ہانیہ عامر کی ڈانس ویڈیو، اداکارہ شدید تنقید کی زد میں
پاکستان کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر اپنی نئی سوشل میڈیا ویڈیو کے باعث تنقید کی زد میں آگئیں۔
ہانیہ عامر نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرٹ پہنی تھی۔ اس دوران وہ کھلی چھت والی گاڑی میں کافی پیتے ہوئے ایک گانے پر ڈانس بھی کر رہی تھیں۔
ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہانیہ عامر کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب ملک حالیہ المناک واقعات پر سوگوار ہے، پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیات میں شامل ہانیہ عامر کو اپنے پلیٹ فارم کو اہم مسائل پر آواز اٹھانے کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔
بعض صارفین نے ہری پور کی 4 سالہ آیت نور کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ زیادتی اور قتل کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بھی اداکارہ سے اس معاملے پر آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا۔