ٹک ٹاکر شیروں کے پنجرے میں کود گیا؟ حیران کن ویڈیو وائرل

ویڈیو میں ٹک ٹاکر کو شیروں کے انکلوژر کا جنگلہ پھلانگ کر اندر جاتے اور چند لمحوں بعد واپس آتے دیکھا گیا

لاہور چڑیا گھر میں ایک ٹک ٹاکر کے مبینہ طور پر شیروں کے انکلوژر میں داخل ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس کے بعد چڑیا گھر انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

کچھ روز قبل سامنے آنے والی ویڈیو میں ٹک ٹاکر کو شیروں کے انکلوژر کا جنگلہ پھلانگ کر اندر جاتے اور چند لمحوں بعد واپس آتے دیکھا جا سکتا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید حیرت اور تشویش کا اظہار کیا۔

لاہور چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیروں کے جنگلے اور ان کے اصل انکلوژر کے درمیان ایک وسیع خندق موجود ہے جبکہ حفاظتی حدود پر ریزر وائرز کی متعدد تہیں بھی نصب ہیں۔

حکام کے مطابق ان حفاظتی حصار کو عبور کر کے کسی شخص کا شیروں کی خندق تک پہنچنا عملاً ممکن نہیں اور اب تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ مذکورہ ٹک ٹاکر واقعی شیروں کے قریب پہنچا تھا۔ وائرل ویڈیو کی حقیقت جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ابتدائی طور پر یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ایڈیٹنگ کی گئی ہے۔ حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔

Load Next Story